پنڈدادنخان ( راشد خان سے)
للہ جہلم ڈیول کیرج وے منصوبہ فنڈز کی عدم فراہمی اور تعمیر میں مجرمانہ تاخیر پر تحصیل پنڈدادن خان کی عوام سراپا احتجاج ، شہر بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، کھیوڑہ ٹوبھہ ،پننوال، دھریالہ جالپ، جلاپور میں بھی احتجاجی دھرنے
علماء کرام، مقامی سیاست دان، تاجر برادری، وکلاء برادری سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد کی کثیر تعداد میں شرکت
تفصیلات کے مطابق للہ جہلم ڈیول کیرج وے منصوبہ کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی اور تعمیر میں مجرمانہ تاخیر کے خلاف ورکنگ کمیٹی للہ جہلم روڈ کی اپیل پر تحصیل پنڈدادن خان میں 15 دسمبر مکمل پہیہ جام شٹڑ ڈاؤن ہڑتال ہوئی اور پنڈدادن خان شہر میں تمام تجارتی مراکز مکمل بند رہے ہیں مضافاتی علاقہ ٹوبھہ میں بھی احتجاجی مظاہرین نے للہ خوشاب روڈ پر دھرنا دیا جبکہ للہ موڑ پر مرکزی دھرنا ہوا جس میں مظاہرین کی کثیر تعداد نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ گزشتہ 2 سال سے زائد عرصہ سے للہ جہلم ڈیول کیرج وے منصوبہ جاری ہے جس کا اب فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث تعمیراتی کام مکمل ٹھپ ہے جس سے تحصیل پنڈدادنخان کے لاکھوں افراد شدید ذہنی کوفت اور مشکلات کا شکار ہیں ۔ خراب روڈ کی وجہ سے ایمرجنسی میں مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتا ہے۔منٹوں کا سفر گھنٹوں پر چلا گیا ہے۔آئے روز ٹریفک بلاک اور حادثات نے پریشان کن صورتحال پیدا کر دی ہے ۔ سیاحت کے لیے آنے والے لوگوں کی تعداد اتنی قلیل ہو گئی ہے۔ دھرنے میں علمائے کرام ، تاجر برادری ، مقامی سیاسی رہنماؤں سمیت لوکل آبادی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔دھرنے میں تمام سیاسی پارٹیوں سے وابستگی رکھنے والے افراد نے اجتماعی مفاد میں شرکت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس کے علاوہ کھیوڑہ شہر سے بھی لوگوں کی کثیر تعداد نے ریلی کی صورت میں مرکز دھرنا للہ چوک میں شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے اور حکومتِ وقت سے فی الفور فنڈز کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے باسیوں سےاب سوتیلہ پن ختم کیا جائے اور پی ٹی آئی دور میں شروع ہونے والے اس عوامی مفاد کے منصوبے کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کیا جائے اور فی الفور ڈیول کیرج وےمنصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فنڈ کا اجراء کیا جائے۔ بنیادی سہولیات سے محروم پسماندہ ترین تحصیل پنڈدادنخان جو ریونیو دینے میں سب سے آگے ہے اس پر رحم کیا جائے۔ اجتماعی مفادات کو سیاست کی نذر کرنے کی سیاست کو اب ختم ہونا چاہیے اب عوام پہلے سے زیادہ باشعور ہو چکی ہے اور جو بھی سیاسی لوگ اس منصوبے کو پسِ پشت ڈال رہے ہیں وہ درحقیقت اس تحصیل کے باسیوں اور اپنی پارٹی کا نقصان کر رہے ہیں۔
Comments