
پنڈ متے خان جناح کالونی میں بڑی چوری کی واردات، لاکھوں کے زیورات غائب
پولیس نے موقع پہ پہنچ کر شواہد کی روشنی میں کارروائی کا آغاز کر دیا
جہلم (حافظ محمد یعقوب داتار)سوہاوہ کے نواحی علاقے پنڈ متے خان جناح کالونی میں چوری کی ایک سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان ایک گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرکے فرار ہوگئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق چور بڑی مہارت کے ساتھ گھر کے اندر داخل ہوئے اور الماریوں کے لاکس توڑ کر قیمتی زیورات اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اہل خانہ گھر واپس آئے اور کمروں میں بے ترتیبی اور الماریوں کے ٹوٹے ہوئے لاکس دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سوہاوہ اکرام اللہ نیازی نے فوری طور پر ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران کو ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دیا۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے، اہلِ خانہ کے بیانات قلمبند کیے اور آس پاس کے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے واردات سے پہلے گھر کا جائزہ لیا ہوا تھا۔ ڈی ایس پی اکرام اللہ نیازی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران کو ہدایت کی کہ مقدمہ فوری درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چوری میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔



















