
جہلم//وزیر مواصلات پنجاب صہیب بھرتھ کا جہلم کا دورہ، 20 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ڈیول کیرج وے منصوبے کا معائنہ،جاری کام کی رفتار اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا
جہلم(رانا محمد عاصم)وزیر مواصلات پنجاب صہیب بھرتھ کا جہلم کا دورہ، 20 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ڈیول کیرج وے منصوبے کا معائنہ،وزیر مواصلات پنجاب صہیب بھرتھ نے گزشتہ روز 20 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر للہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کا معائنہ کیا اور جاری کام کی رفتار اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت نے عوام سے دھوکہ کر کے اس منصوبے کو ادھورا چھوڑ دیا تھا، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا گیا اور اب تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت کے وژن کے تحت سڑکوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ہماری قائد مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں تمام اہم شاہراہوں کی تعمیر مکمل کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے لیے وزیراعلی مریم نواز نے 8.5 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں اور اس منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ رواں سال کے دوران سڑک کے چار سیکٹرز مکمل کیے جا سکیں۔ یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور عوام کے لیے ایک سہولت بنے گا۔ صہیب بھرتھ نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران ریکارڈ رفتار سے کام جاری ہے اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ سڑک کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نہ صرف اس منصوبے کو اپنی نگرانی میں لیا بلکہ اسے صوبائی کابینہ سے بھی منظور کرایا۔