
جہلم(رانا محمد عاصم) ضلع جہلم میں رمضان المبارک کے دوران دو سہولت بازار لگائے جائیں گے جہاں شہریوں کو روزمرہ کی اشیائے خرد و نوش سستے داموں دستیاب ہوں گی سہولت بازاروں کا قیام پنجاب حکومت کے احکامات پر کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جا سکے یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رمضان سہولت بازاروں کے قیام کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم میں دو سہولت بازار جہلم اور سوہاوہ میں لگائے جا رہے ہیں جہاں روز مرہ کی کھانے پینے کی تمام اشیاء رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی جس کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے خصوصا رمضان المبارک کے مہینے میں سستی چیزوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے اس لیے سہولت بازاروں کو بہتر سے بہتر انتظامات کے ساتھ لگایا جائے تاکہ شہری رمضان المبارک کے مقدس ایام میں کھانے پینے کی اشیاء کو سستے داموں حاصل کر سکیں اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہلم صبا سحر اور اے سی سوہاوہ نے جہلم اور سوہاوہ میں سہولت بازاروں کی مقامات اور انتظامات پر ڈی سی جہلم کو بریفنگ دی۔