
جہلم(رانا محمد عاصم ) ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال اور ای این ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سول ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں قائم پناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا اور زیرِ تعمیر ٹراما سینٹر کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سول اسپتال کی پارکنگ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں سے پارکنگ سے متعلق درپیش مسائل اور شکایات کے بارے میں دریافت کیا۔ بعد ازاں، وہ ای این ڈی سینٹر شاندار چوک پہنچے جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات اور تمام دستیاب ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔