
سڑکوں پر دوڑنے والی کار ٹریفک جام میں اڑان بھرنے کو تیار ہے امریکی کمپنی نے اس کی پہلی اڑان کی کامیاب آزمائش کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔آپ نے کاریں سڑکوں پر فراٹے بھرتی دیکھی ہوں گی۔ کار کا سفر تیز رفتار اور آرام دہ ہوتا ہے تاہم ٹریفک جام میں پھنس جائیں تو یہی سفر اذیت کا باعث بن جاتا ہے اور بعض اوقات تو اہم کام التوا کا شکار ہو جاتے ہیں۔ماہرین عرصہ دراز سے ایسی کار بنانے کی کوششوں میں مصروف تھے کہ جو سڑکوں پر دوڑنے کے بجائے ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر کی طرح اڑ سکیں۔ تاکہ ٹریفک جام میں سفر اذیت ناک ہونے کے بجائے مزید پر لطف ہو جائے اور لوگ بروقت اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔اب ٹریفک جام سے نجات اور کار میں فضائی سفر کا خواب حقیقت بننے کے قریب ہے کیونکہ امریکی کمپنی ’الیف ایروناٹکس‘ نے حال ہی میں اپنی پہلی اڑنے والی کار کی کامیاب آزمائش کر کے اس کی ویڈیو جاری کی ہے۔اس ویڈیو میں کار کو ٹریفک جام میں پھنس جانے یا سڑک پر آگے کوئی رکاوٹ آنے پر زمین سے فضا میں بلند ہوتے، ٹریفک جام اور رکاوٹوں کو کامیابی سے عبور کرتے دکھایا گیا ہے۔ جو بھی یہ ویڈیو دیکھ رہا ہے، وہ اس نئی ایجاد کو دیکھ کر حیران ہو رہا ہے۔اس حیرت انگیز کار کی پہلی تاریخی کامیاب پرواز کی آزمائش 19 فروری کو کی گئی ہے۔ یہ ایسی کار ہے، جس کو جب چاہیں آپ سڑک پر چلائیں اور ٹریفک میں پھنس جائیں تو اسے اُڑائیں۔