
جہلم(رانا محمد عاصم ) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے رمضان سہولت بازار شہریوں کے لیے ایک بڑی نعمت ثابت ہو رہے ہیں، ان بازاروں میں تمام ضروری اشیاء خوردونوش انتہائی مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں، جس سے شہریوں کو کافی ریلیف مل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی اقدامات کے تحت یہ بازار شہریوں کی خدمت میں مصروف ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام اشیاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، یہ بات کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینیئر عامر خٹک نے جہلم میں رمضان سہولت بازار کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ کمشنر راولپنڈی نے رمضان سہولت بازار کے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے اشیاء کے معیار، مقدار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر یہ بازار قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کمشنر راولپنڈی کو رمضان سہولت بازار، پرائس کنٹرول اور رمضان نگہبان پیکج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی نے بازار میں موجود شہریوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل و شکایات سنیں۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پنجاب بھر میں لاکھوں شہری روزانہ ان سہولت بازاروں سے مستفید ہو رہے ہیں اور ان بازاروں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں کا یہ اقدام شہریوں کے لیے نہ صرف مالی اعتبار سے فائدہ مند ہے بلکہ یہ حکومت کی عوامی خدمت کے جذبے کو بھی ظاہر کرتا ہے، پنجاب حکومت کی یہ کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء تک رسائی حاصل ہو سکے۔ ظاہر کرتا ہے، پنجاب حکومت کی یہ کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء تک رسائی حاصل ہو سکے۔