
نگیال کی ڈھوک لَس کے مکینوں کاسڑک کو پختہ کرنے کا مطالبہ،مکینوں کوبارشوں میں شدید مشکلات کاسامنا
حکومتی نماٸندے ووٹ لینے بعد اپنے حلقوں سے غاٸب،علاقہ مکین منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور
سوہاوہ:(محمدنبیل حسن)تحصیل سوہاوہ کی یونین کونسل نگیال کے گاؤں ڈھوک لَس کے مکینوں نے سرکاری توجہ نہ ملنے پر اپنی مدد آپ کے تحت تین سال قبل تقریباً ساڑھے تین کلومیٹر طویل کچی سڑک تعمیر کی تھی، یہ سڑک گاؤں نگیال سے براستہ ڈھوک لس گاؤں سلحال تک جاتی ہے جو کہ مقامی آبادی کے لیے واحد آمدورفت کا راستہ ہےمکینوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دنوں میں یہ کچی سڑک شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے، جسے ہر بار دوبارہ درست کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے نہ صرف روزمرہ آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ اسکول جانے والے بچوں، مریضوں اور بزرگوں کو بھی سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مکینوں نے شکوہ کیا کہ ہر الیکشن سے پہلے سیاسی نمائندے سڑک کو پختہ کرنے کے وعدے کرتے ہیں، لیکن کامیابی کے بعد کوئی بھی اپنے وعدے پر عملدرآمد نہیں کرتا۔ تین سال سے یہ معاملہ جوں کا توں ہے اور عوام خود ہی راستہ سنبھالنے پر مجبور ہیں۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور منتخب نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ساڑھے تین کلومیٹر طویل اس سڑک کو ہنگامی بنیادوں پر پختہ کر کے مستقل بنیادوں پر مسئلے کا حل فراہم کیا جائے۔




















