
ضلع جہلم کے نوجوانوں کے لیے خوشخبری ، تحصیل دینہ کے نواحی علاقے منگلا روڈ مدوکالس میں ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کر دیا گیا ، افتتاحی تقریب میں کرکٹ کھلاڑیوں ، شائقین کرکٹ اور معززین علاقہ کی بھرپور شرکت
دینہ(رپورٹ: ادریس چودھری)ضلع جہلم کے نوجوانوں کے لیے خوشخبری ، تحصیل دینہ کے نواحی علاقے منگلا روڈ مدوکالس میں ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کر دیا گیا ، افتتاحی تقریب میں کرکٹ کھلاڑیوں ، شائقین کرکٹ اور معززین علاقہ کی بھرپور شرکت ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نوجوان کرکٹر کی صلاحیتوں کو نکھارنے سنوارنے ، اُجاگر کرنے کے لیے تحصیل دینہ کے علاقہ منگلا روڈ مدوکالس چوک پر معروف سیاسی وسماجی شخصیت چودھری واجد اقبال اور ان کے فرزند چودھری عبدالھادی آف مدوکالس کی زیرِ نگرانی ” ایان یارکر یارڈ ارینا” کے نام سے ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کر دیا گیا ۔ افتتاح ننھی پری ابیہ واجد دختر واجد اقبال نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں کرکٹ کے کھلاڑیوں ، شائقین کرکٹ اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شاندار ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ بنائے جانے پر نوجوان کرکٹر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس گراؤنڈ سے انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں زبردست مدد ملے گی کیونکہ علاقے میں اس طرح کے بڑے ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ کی شدید کمی تھی۔ ادھر شائقین کرکٹ اور معززین علاقہ نے چودھری واجد اقبال کو نوجوانوں کے لیے اس طرح کا کرکٹ گراؤنڈ بنانے پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ھے کہ شاندار ان ڈور کرکٹ گراؤنڈ سے نوجوانوں میں منفی سرگرمیوں کا خاتمہ ہو گا وہ اس گراؤنڈ سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے ۔ افتتاحی تقریب کے بعد تمام شرکاء کے لئے چودھری واجد نے بہترین کھانے کا اہتمام کیا۔




















