
دینہ (حق نواز میر سے): محلہ غازی ٹاؤن، دینہ میں واقع دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کے زیرِ اہتمام دو ماہ پر مشتمل ضیاءِ شریعت کورس کے داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کورس یکم جون سے 30 جولائی تک جاری رہے گا۔پرنسپل محمد ریاض الحسن چشتی نے بتایا کہ اس کورس کا مقصد نوجوان نسل کو دینی و اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا، فقہی مسائل کی درست رہنمائی فراہم کرنا اور ان کی اصلاحی و اخلاقی تربیت کو فروغ دینا ہے۔ کورس میں نماز، طہارت، عقائد، اسلامی زندگی کے بنیادی اصولوں اور دیگر اہم دینی موضوعات پر خصوصی تعلیم دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ مڈل سے لے کر ایم اے تک کے طلبہ داخلے کے اہل ہیں جبکہ کلاسز روزانہ صبح 8 بجے سے 9:30 بجے تک منعقد ہوں گی۔ کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔پرنسپل محمد ریاض الحسن چشتی نے اہلِ علاقہ اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بہترین دینی و تربیتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بروقت داخلہ لے کر اپنی دینی و اخلاقی تربیت کو مضبوط بنائیں۔



















