
جہلم(رانا محمد عاصم )ماہ رمضان میں قیمتوں پر کنٹرول انتہائی ضروری ہے تاکہ مبارک مہینے میں شہریوں کو خود ساختہ مہنگائی اور لوٹ مار سے بچایا جا سکے یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے فروری کے ماہ میں کی گئی کاروائیوں، انسپکشن، جرمانوں اور دیگر اقدامات پر ڈپٹی کمشنر جہلم کو بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کی پابندی نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف درجنوں کاروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں ضلع بھر میں پرائس مجسٹریٹس حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ ماہ رمضان میں قیمتوں کا بڑھنا ایک معمول بن چکا ہے ہم نے اس خود ساختہ منگائی کو روکنے کے لیے اپنے فرض کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے، تمام پرائس مجسٹریٹ اس حوالے سے مارکیٹ میں موجود رہیں اور اپنے اپنے علاقوں میں تمام اشیائے ضروریہ کو مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے بھرپور کاروائیاں کریں، اس سلسلے میں قانون شکن عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔ بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ دکانوں کو سیل کرنے اور ایف آئی ار درج کروانے سے بالکل گریز نہ کیا جائے گا