
جہلم// نثار احمد مغل//جہلم کے نواحی علاقہ کوٹلی اللہ یار میں 20 سالہ نوجوان کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، دوست ہی قاتل نکلا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقہ کوٹلی اللہ یار کے رہائشی 20 سالہ نوجوان اویس امجد کے اندھے قتل کی گتھی پولیس نے سلجھا لی۔ مقتول کا قریبی دوست ہی قاتل نکلا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، جنہوں نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او چوہدری ناصر کے مطابق مقتول اویس امجد جہلم میں موبائل شاپ چلاتا تھا۔ 30 جنوری کی شام وہ فون سنتے ہوئے دکان سے باہر نکلا اور لاپتہ ہو گیا۔ اگلے روز اس کی لاش کلاڑ گاؤں کے ویران علاقے سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم شایان، جو مقتول کا قریبی دوست تھا، نے پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر ساتھی شعیب کے ساتھ مل کر اسے ویران مقام پر لے جا کر گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔یہ ایک اندھا قتل تھا کیونکہ مقتول کے موبائل فون کی سی ڈی آر سے بھی کوئی خاص شواہد نہیں مل سکے تھے۔ تاہم ایس ایچ او چوہدری ناصر اور ان کی ٹیم نے ہیومن ریسورس کی مدد سے اس واردات کو ٹریس کیا اور ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ ملزمان انتہائی شاطر تھے اور مقتول کے جنازے، تدفین اور رسمِ قل میں بھی پیش پیش رہے تاکہ کسی کو ان پر شک نہ ہو۔ تاہم، پولیس کی محنت اور جدید تفتیشی تکنیکوں کے باعث وہ قانون کے شکنجے میں آ گئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا اور مزید تفتیش جاری ہے