
جہلم( رانا محمد عاصم) ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ فروری 2025 کے دوران مجموعی طور پر 2072 افراد کو ریسکیو کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت ریسکیو آپریشنز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر ماہ فروری میں 6586 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2096 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے 1341 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ماہ فروری میں مجموعی طور پر 319 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جبکہ میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد 1457 رہی۔ آگ لگنے کے 44، جرائم سے متعلقہ 15، چھت گرنے کا ایک واقعہ اور دیگر متفرق 260 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ ماہ فروری کے دوران مختلف ایمرجنسیز میں 84 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں اکثریت میڈیکل ایمرجنسیز کے شکار مریضوں کی تھی۔ تاہم ریسکیو 1122 جہلم نے اپنی روایتی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسیز پر اوسطاً 8 منٹ کے اندر رسپانس فراہم کیا۔ کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ریسکیو 1122 نے فروری میں مختلف سکولز، کالجز اور اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کی۔ اسی طرح یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تشکیل جاری ہے جبکہ اسکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ریسکیو 1122 نے ضلع جہلم سے 71 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم پورے جوش و جذبے کے ساتھ ہر قسم کی آفات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے