
میاں مظہر حیات
جہلم(رانا محمد عاصم)چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور مریضوں کے ساتھ نامناسب رویہ رکھنے پرڈاکٹر کو گھر کی راہ دکھا دی ،آر ایچ سی جلالپور شریف میں تعینات ڈاکٹر عدنان شاکر کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان کے رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور شریف کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عدنان شاکر کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ وہ بائیو میٹرک حاضری لگانے کے باوجود اکثر اوقات ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے تھے اور مریضوں کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ رویہ اپناتے تھے۔ ان شکایات پر سی ای او ہیلتھ جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سینئر میڈیکل آفیسر رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور شریف ڈاکٹر انعام اللہ جمالی سے تحریری رپورٹ طلب کی۔ رپورٹ میں ڈاکٹر عدنان شاکر کی غیر حاضری اور مریضوں کے ساتھ نامناسب سلوک کی تصدیق ہونے پر سی ای او ہیلتھ جہلم نے مذکورہ ڈاکٹر کو ڈیوٹی سے سرینڈر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر میاں مظہر حیات کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی اگر کوئی ڈاکٹر یا عملہ ڈیوٹی میں غفلت برتے گا تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی محکمہ صحت عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور مریضوں کی صحت اور عزت سب سے زیادہ مقدم ہے۔