
جہلم(رانا محمد عاصم )ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ضلع جہلم میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز کر دیا۔ اس مہم کے تحت سرکاری سکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو داخل کرنے کا ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول جہلم میں منعقد ہوئی۔ جس میں نئے داخلوں کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اپنے ہاتھوں سے بچوں کا داخلہ کر کے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تمام بنیادی ضرورت کی سہولیات موجود ہیں، اعلی تعلیم یافتہ اور کوالیفائیڈ اساتذہ بچوں کو پڑھانے کے لیے ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو مہنگے پرائیویٹ سکولوں کی بجائے سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں۔ جہاں ان کو مفت تعلیم اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے داخلہ مہم کا مقصد تمام بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقہ ہائے فکر کو مل کر کوشش کرنی چاہیے تاکہ بچوں کو اعلی معیاری تعلیم انتہائی سستے داموں فراہم کی جاسکے