
جہلم( رانا محمد عاصم) رمضان سہولت بازار میں شہریوں کو تمام اشیاء کی فراہمی ارزاں نرخوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں معیاری اور کم نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے سہولت بازار قائم کیے ہیں، شہریوں کی شکایات کے لیے خصوصی سیل بنایا گیا ہے جہاں کسی چیز کی عدم دستیابی زائد قیمتوں کی وصولی یا معیار کی کمی بیشی بارے شہری شکایات درج کروا سکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رمضان سہولت بازار کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مختلف کاؤنٹرز پر جا کر اشیاء کے نرخ اور معیار کو چیک کیا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے خریداری کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے رمضان سہولت بازار میں دستیاب اشیاء کے معیار اور قیمتوں بارے آگاہی حاصل کی