
جہلم( ندیم عباس ) ریجنل ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر عبد الرحمن نے ریسکیو 1122 جہلم کے ہیڈکوارٹر اور سٹی کی پوائنٹ کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد نے ریسکیو سروس کی کارکردگی، دستیاب وسائل اور مجموعی انتظامات پر بریفنگ دی۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن نے کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد ریسکیو 1122 جہلم کی استعداد کار کا جائزہ لینا اور سروس کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ریسکیو اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات بشمول اکاؤنٹ سیکشن، مینٹیننس سیکشن، اسٹور روم اور کنٹرول روم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران ریسکیو سٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے ایمرجنسی آلات اور گاڑیوں کی حالت اور تیاری کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے اور عوام کو بروقت اور معیاری ریسکیو سروسز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔