
جہلم(ملک ندیم عباس) ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا گورنمنٹ کالج آف کامرس بلال ٹاؤن کا دورہ، امتحانی مراکز میں سہولیات کا جائزہ لیا اور طلبہ کو بہترین ماحول فراہم کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ کالج آف کامرس کا دورہ کیا، جہاں کالج کے پرنسپل نے امتحانات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانی ہال کا معائنہ کیا، طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ امتحانی عمل کے دوران تمام بنیادی سہولیات یقینی بنائی جائیں تاکہ طلبہ کسی مشکل کے بغیر امتحان دے سکیں۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ نقل اور غیر قانونی سرگرمیوں کی سختی سے روک تھام کی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے