
جہلم// ادریس چودھری//نیکی کا انحصار کسی کی پسند پر نہیں ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان ایسے اعمال اختیار کیے جائیں جو صالحین نے اختیار کیے تبھی معاشرے میں نیکی پھیلے گی خود بھی نیکی کریں دوسروں کو نیکی کرنے کی ترغیب دیں ایسے ہی معاشرے نیک ہوتے ہیں۔ہمارے پاس اللہ کا کلام موجود ہے جو نیکی اور بدی میں واضح تفریق کرتا ہے جس میں کوئی شبہ نہیں رہتا۔آپ ﷺ نے حدودو قیود مقرر فرما دی ہیں۔آج لوگ کہتے ہیں نیا دور ہے اس کے نئے مسائل ہیں ان کا حل بھی کسی نئے طریقے سے نکالا جائے یہ بے دینی ہے۔آج بھی ضروریات وہی ہیں صرف تکمیل کے زرائع بدلے ہیں۔حقوق و فرائض آج بھی وہی ہیں۔15 صدیاں شہادت دے رہی ہیں جب بھی کسی سوال کی ضرورت پیش آئی اس کا جواب قرآن وسنت میں موجود ہے۔بعثت محمد الرسول اللہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے ہے اور قیامت تک کے لیے ہے۔قرآن کریم نبی کریم ﷺ کا بہت بڑا معجزہ ہے جو قیام قیامت تک رہے گا۔ امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب انہوں نے کہا کہ کشف و الہام کو قرآن کریم کے تحت جانچنے کی ضرورت ہوتی ہے۔انبیاء معصوم ہوتے ہیں یہ اللہ کا ان پر کرم اور احسان ہوتا ہے۔انبیاء کا خواب بھی وحی ہوتی ہے۔ولی کی جب بات آئے گی تو اولیا ء، انبیاء ؑ کے تحت ہوتے ہیں ان کا کشف صرف اسی کے لیے ہوتا ہے جس کو کشف ہو اور پھر کشف کو قرآن کریم سے جانچا جائے گا کیونکہ کشف میں غلطی بھی لگ سکتی ہے۔ بعثت محمد الرسول اللہ ﷺ کے بعد کسی نئے حکم کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔آپ امام الانبیاء خاتم النبین ہیں۔قیام قیامت تک آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہوگا۔ہماری بہت بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم اصل سے ہٹ گئے ہیں۔قرآن وسنت سے ہٹ گئے ہیں ہمیں دوبارہ قرآن کریم سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے ہمارے تمام مسائل کا حل آج بھی قرآن کریم میں موجود ہے۔ہم اغیار سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جوہمیں مزید پستی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔ آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔