

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل کا انعقاد ( پروفیسر خورشید علی ڈار کی رپورٹ
)میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں آج بروز جمعہ29.08.2025 بصد عقیدت و احترام "میلادِ مصطفیٰ ﷺ” کی پرنور محفل کا انعقاد کیا گیا۔اس بابرکت تقریب میں محترم میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،ڈاکٹرمحمد سہیل اعجاذ معزز AMSs، DMS، ہسپتال کی انتظامیہ، معالجین، نرسز، ریسکیو 1122 کے اہلکار اور کلاس فور ملازمین نے بھرپور جوش و خروش اور ایمان افروز جذبے کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، بعد ازاں ثناء خواں حضرات نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حضور ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اخلاقِ حسنہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔اس موقع پر محترم میڈیکل سپرنٹنڈنٹ DHQ جہلم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسے روحانی اجتماعات ہمارے دلوں کو سکون اور ایمان کو تازگی بخشتے ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں حصہ لینے والے تمام افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی کامیابی، مریضوں کی جلد صحت یابی اور ہسپتال کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔