







جہلم کا سپوت بلال اقبال یورپین باکسنگ چیمپئن بن گیا، ترکی میں چار ممالک کے باکسرز کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا، چکوڑہ سمیت ضلع بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ضلع جہلم کے لیے ایک اور عالمی اعزاز، چکوڑہ کے نوجوان بلال اقبال نے یورپین باکسنگ چیمپئن شپ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا
جہلم (رپورٹ: ادریس چودھری) ضلع جہلم کے لیے ایک اور بڑا اعزاز، موضع چکوڑہ کے رہائشی چودھری نوید پرویز کے صاحبزادے بلال اقبال نے ترکی میں منعقد ہونے والی یورپین باکسنگ چیمپئن شپ جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ نوجوان کی شاندار کامیابی پر اہلِ علاقہ اور اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر ایکرنگٹن سے تعلق رکھنے والے نوجوان باکسر بلال اقبال نے ترکی کے شہر ٹرابزون میں منعقدہ یورپین باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولینڈ، آذربائیجان، آسٹریا اور یوکرین کے کھلاڑیوں کو شکست دی اور گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔بلال اقبال کی اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں ان کے دوست احباب کی جانب سے انگلینڈ کے شہر بلیک برن میں ایک پروقار جشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں برنلے، ایکرنگٹن اور بلیک برن سے تعلق رکھنے والی نمایاں سماجی و کاروباری شخصیات سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے نوجوان باکسر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلال اقبال مستقبل میں عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور محمد علی و عامر خان جیسے نامور باکسرز کی طرح اپنی پہچان بنائیں گے۔تقریب کے اختتام پر بلال اقبال اور ان کے والد چودھری نوید پرویز نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔بلال اقبال کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ضلع جہلم، خصوصاً موضع چکوڑہ کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔



















