جہلم(نثار احمد مغل )سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں چچا نے غیرت کے نام پر 15 سالہ بھتیجی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کا یہ اندوہناک واقعہ تحصیل سوہاوہ کے علاقہ لدھوالہ میں پیش آیا جہاں ملزم اخلاق نے اپنی 15 سالہ بھتیجی (ک۔ا) کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ملزم نے قتل کے بعد لڑکی کی لاش کو سڑک کے کنارے پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اخلاق کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ عناد یہ تھی کہ مقتولہ گھر سے بغیر اطلاع دیے کہیں چلی گئی تھی، جس پر ملزم نے غیرت کے نام پر یہ قدم اٹھایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے دیگر پہلوئوں کا بھی جائزہ لیا جا سکے۔
