
کھیوڑہ( راشد خان سے)کھیوڑہ گنجان آباد علاقے کا اہم ترین پل برسات میں بہہ گیاچار ماہ سے محصور ہوکر رہ گئے ہیں عوام کی دہائی- اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ وارڈ نمبر 19 اور کریم پورہ کو ملانے والا پل ناکارہ اسکول، ہسپتال اور آبادی متاثر، انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر احتجاج شدت اختیار کر گیاتفصیلات کے مطابقکھیوڑہ شہر کے وارڈ نمبر 19 کو محلہ کریم پورہ سے ملانے والا اہم پل خستہ حالی کے باعث حالیہ برسات میں مکمل طور پر بہہ گیا تھا، جسے چار ماہ گزرنے کے باوجود بحال نہیں کیا جا سکا۔ طویل انتظار، مسلسل نظرانداز اور انتظامی بے حسی کے بعد متاثرہ علاقہ مکین گھروں سے نکل آئے اور احتجاج شدت اختیار کر گیا۔پل کی تباہی کے باعث سینکڑوں رہائشیوں کو آمد و رفت کے لیے تقریباً ایک کلومیٹر طویل متبادل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر اسکول جانے والے طلبہ، مریض خواتین، بزرگ شہری اور عام راہگیر ہو رہے ہیں۔ احتجاج میں شامل مکینوں نے بتایا کہ کہ مذکورہ پل کے ذریعے گورنمنٹ، پرائمری، مڈل، ہائی اور الائیڈ اسکولوں سمیت متعدد تعلیمی اداروں تک رسائی ممکن تھی، مگر پل کے ناکارہ ہونے سے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے ان کے مطابق نالے پر تعمیر شدہ پل کی خستہ حالی اور ناقص مٹیریل کے استعمال پر ابتدا ہی سے سوالات اٹھائے جاتے رہے، مگر سرکاری کاموں کے معمول کے تحت پل کو خطرناک حالت میں بھی زیرِ استعمال رکھا گیا۔ دوسری جانب برساتی نالے کو کوڑے دان کے طور پر استعمال کرنا اور وقت کے ساتھ ساتھ نالے کی گزرگاہ پر قبضوں کے باعث اس کی چوڑائی کم ہونا پانی کے دباؤ میں اضافے کا سبب بنا، جو بالآخر پل خستہ حالت کے سبب مکمل بہہ گیا۔عوامی اپیل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ شدید بارشوں کی صورت میں مزید نقصانات اور جانی حادثات کا خدشہ ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں مریضوں، بزرگوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق احتجاج اور بارہا درخواستوں کے باوجود انتظامیہ بے فکر دکھائی دیتی ہے، جس کے باعث خطرہ چوبیس گھنٹے منڈلا رہا ہے۔متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان، چیف آفیسر بلدیہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نالے کی صفائی، قبضوں کے خاتمے، عارضی گزرگاہ کی فراہمی اور معیاری بنیادوں پر نئے پل کی فوری تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش سنگین مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔



















