جہلم (محمد زاہد خورشید) جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان منتخب ہونے پرحافظ عبدالغفور مدنی کا اہلیان جہلم کی طرف سے والہانہ استقبال ہوا، حافظ عمر عبدالحمید اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث، اہل حدیث یوتھ فورس، اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع جہلم کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔جی ٹی روڈ جہلم پل سے استقبال کا آغاز ہوا۔ قافلہ براستہ چھاونی چوک ، جی ٹی ایس چوک، شاندار چوک اور فریشکو بیکری سے ہوتا ہوا جامعہ علوم اثریہ پہنچا، جہاں جامعہ کے اساتذہ میں مولانا حافظ عبداللہ ، قاری غلام رسول اور مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی ، پرنسپل اثریہ سکول اینڈ کالج محمد زاہد خورشید، ایڈمن بدر خورشید اور طلبا نے ان کا استقبال کیا۔ جامعہ پہنچنے پر حافظ عبدالغفور مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کو منظم کیا جائے اور اس کے اہداف حاصل کرنے میں دن رات محنت کرنا ہوگی۔ مزید انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملک میں اسلامی اقدار کو پروان چڑھایا جائے اور ہر پلیٹ فارم پر ان کا دفاع کیا جائے۔ اہل حدیث نوجوانوں کی ایک ایسی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں کہ جو تبلیغ دین اور خدمت انسانیت کےلیے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے۔ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس استقبال پر میں جہلم والوں کا دل کی اتھاہ سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔حافظ عمر عبدالحمید نے بھی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔
