
محکمہ داخلہ پنجاب ، پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے زیرِ اہتمام زیر تربیت پروبیشنرز کی اصلاح و تربیت کے لیے اصلاحی نشست
جہلم(ظہیر عبّاس)تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب ، پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے زیرِ اہتمام، محترم جناب گلزار احمد خالد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں زیر تربیت پروبیشنرز کی اصلاح و تربیت کے لیے ایک اصلاحی نشست کا انعقاد کیا گیا۔اس اہم نشست کا اہتمام منیب ظفر ہاشمی ڈسٹرکٹ

پروبیشن آفیسر، جہلم کی زیرِ نگرانی کیا گیا۔نشست کو مؤثر اور بامقصد بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا جن میں شامل تھے ،فرحت کمال ضیاء سینیئر ایڈوکیٹ ، چوہدری ضیاء الملک سینیئر ایڈوکیٹ، جہلم ، خضر حیات خان ڈپٹی ڈائریکٹر، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ، میمونہ انجم ڈی ای او لٹریسی اینڈ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر ایڈوکیٹ عبدالحفیظ۔نشست کا مرکزی موضوع نماز کی اہمیت و افادیت تھا۔فرحت کمال ضیاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ نماز نجات کا ذریعہ ہے اور ہر مسلمان کو اس کی باقاعدہ ادائیگی کو اپنا معمول بنانا چاہیے۔میمونہ انجم نے روزمرہ کے مصروف معمولات میں نماز کو ترجیح دینے پر زور دیا۔چوہدری ضیاء الملک نے شرکاء کو یاد دلایا کہ اللہ تعالیٰ نے دن میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں، تاکہ بندہ اپنے رب کے حضور جھک کر سکون حاصل کر سکے۔خضر حیات خان نے معاشرتی تنہائی اور نفسا نفسی کے اس دور میں نماز کو باہمی ربط و ہم آہنگی کا ذریعہ قرار دیا۔ایڈوکیٹ فرحت کمال ضیاء نے پروبیشنرز میں نماز مترجم کتابچے، تسبیح کاؤنٹرز، بچوں کے لیے مفت کاپیاں اور اسکول بیگز تقسیم کیے۔انہوں نے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ نماز کی پابندی کریں گے اور دینی اذکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے، اس موقع پر شرکاء میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔اختتام پر منیب ظفر ہاشمی ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر، جہلم نے تمام معزز مہمانوں کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا اور پروبیشنرز پر زور دیا کہ وہ نماز مترجم کا مطالعہ کریں اور اسے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی عملی زندگی میں شامل کریں تا کہ ایک نیک، باعمل اور فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔



















