
آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کا کامیاب انعقاد، لاکھوں فرزندانِ اسلام کی شرکت حرمین شریفین سے والہانہ محبت کا اظہار ہے، ڈاکٹر فیض احمد بھٹی، حافظ ساجد محمد مدنی تقدسِ حرمین شریفین اور استحکامِ پاکستان کے لیے اہلحدیث ہمہ وقت بیدار اور جذبہ قربانی سے سرشار ہیں، سعودی عرب ہمارا محسن اور بلدِ ثانی ہے، دل ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے رہیں گے۔۔ مقررین

جہلم (رپورٹ: ادریس چودھری) رئیس مرکز ابن عباس جہلم ڈاکٹر فیض احمد بھٹی اور مدیر المرکز صاحبزادہ حافظ ساجد محمد مدنی نے آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مرکزی قائدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بیرونِ ممالک سے لاکھوں فرزندانِ اسلام کی شرکت نے حرمین شریفین سے والہانہ محبت اور عقیدت کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہیں اور ان کا تحفظ و دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ آج مینار پاکستان اس بات کا گواہ ہے کہ تقدسِ حرمین شریفین اور استحکامِ پاکستان کے لیے اہلحدیث ہر وقت بیدار اور جذبہ قربانی سے سرشار ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں حوثی گروہ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بننے والے عناصر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حرمت سے کھیل رہے ہیں، ایسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیض احمد بھٹی اور حافظ ساجد محمد مدنی نے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی، ناظم کانفرنس حضرت السید سبطین شاہ نقوی سمیت دیگر تمام قائدین، ذمہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت، کوششوں اور خلوص کے نتیجے میں ایک تاریخی اور فقیدالمثال کانفرنس کا انعقاد ممکن ہوا۔ ڈاکٹر فیض احمد بھٹی نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف پر فخر ہے جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ مل کر قیام پاکستان کے وقت اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ آج بھی اہلحدیث پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہمارا محسن اور بلدِ ثانی ہے، جس کے ساتھ ہمارا کلمہ طیبہ کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ اس تعلق کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہمیشہ دھڑکتے رہیں گے۔



















