



جہلم ( پروفیسر خورشید علی ڈار )تحصیل روڈ بندش پر تاجر و شہری پریشان، مدد کی اپیل پر سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم متحرک، ضلعی انتظامیہ نے جامع حل کی یقین دہانی کرا دی۔جہلم: انجمن تاجران خصوصاً تحصیل روڈ کی تاجر برادری نے ماڈرن بازار کی تعمیر اور اس کے بعد ہونے والی تزئین و آرائش کے نتیجے میں تحصیل روڈ پر لگائے جانے والے گیٹس اور پیدا ہونے والی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تاجران کے ساتھ ساتھ علاقے کے رہائشیوں نے بھی اس صورتحال کو آمد و رفت اور روزمرہ زندگی کے لیے مشکلات کا باعث قرار دیا ہے۔تاجران کی کابینہ اور دیگر نمائندگان نے اس مسئلے کے حل کے لیے متعدد بار ڈپٹی کمشنر اور مختلف سیاسی رہنماؤں سے رجوع کیا بعد ازاں تاجران نے سول سوسائٹی آرگنائزیشن فورم سے تعاون کی اپیل کی جس پر بانی فورم محمد غیاث بلبن، صدر فورم ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور جنرل سیکرٹری فورم و صدر انجمن شہریان جہلم سید عدیل احمد نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس سلسلے میں 13 جون کو شام کے وقت تاجران کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی گئی جس میں تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔مزید پیش رفت کے لیے بانی فورم محمد غیاث بلبن نے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی کو بھی معاملہ کی نوعیت اور سنگینی سے تفصیلی آگاہ کیا جن کی ہدایت پر آج مؤرخہ 16 جون سپہر تین بجے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں حمزہ اظہر کیانی بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے بعد ڈاکٹر فیصل (سٹینڈرڈ میڈیکل سٹور) نے ملٹی میڈیا بریفنگ دی اور تاجران اور رہائشیوں کے تحفظات کو اجاگر کیا۔اجلاس میں فورم کی قیادت نے تاجران کے مؤقف کا بھرپور دفاع کیا۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس افسران، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد حسین بٹ انجمن شہریان جہلم کے عہدے دار ڈاکٹر اعجاز اعوان، طارق قریشی،سجاد کھوکر، صدر بار ایسوسی ایشن راجہ شاہد، صدر پریس کلب راجہ سہیل، صدر انجمن تاجران ملک اقبال، ایگزیکٹو ممبر فورم پرویز کیانی، تاجران تحصیل روڈ اور دیگر نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔تاجر برادری نے فورم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اسے جہلم کی ایک مؤثر آواز قرار دیا جو جرآت کے ساتھ عوامی مسائل کو بااختیار حلقوں تک پہنچانے کی صلاحیت اور حل رکھتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران یقین دہانی کرائی کہ ایک باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان کے ساتھ موقع کا دورہ کر کے تفصیلی رپورٹ مرتب کرے گی اور اس معاملے کو وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچایا جائے گا تاکہ ایک جامع اور قابلِ عمل حل نکالا جا سکے۔یہ پیش رفت خوش آئند قرار دی جا رہی ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اسی ہفتے کمیٹی دورہ کر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلی میٹنگ سے پہلے مسئلے کا قابلِ قبول حل نکالے گی۔



















