
راولپنڈی میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات فراہم
جہلم (رپورٹ: ادریس چودھری)الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام اور شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیرِ نگرانی واسا کالونی، سید پور روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بروز اتوار 21 نومبر 2026ء کو صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک منعقد ہونے والے اس میڈیکل کیمپ میں اسکن اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ، ڈینٹل اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ اور فزیوتھراپسٹ نے اپنی خدمات پیش کیں۔ کوٹلی ستیاں کے علاقے برج اور واسا کالونی کے رہائشیوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کیمپ میں شرکت کی اور طبی سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔کیمپ میں آنے والے شہریوں نے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی اور فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا عزیز اللہ صاحب نے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا اور صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن ارشد صاحب سے ملاقات بھی کی۔ بعد از نمازِ ظہر ایم پی اے رضا اللہ شاہ صاحب نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی فلاحی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی فلاحی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان عرصہ دراز سے ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت، مفت طبی سہولیات اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے، جس کی سرپرستی و نگرانی شیخ سلسلہ عالیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی خود فرماتے ہیں۔ فاؤنڈیشن کے ان فلاحی اقدامات کو عوامی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔



















