دینہ:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ ونگ دینہ کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم اور صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ دینہ عبدالغفار کے زیر اہتمام عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد۔یوتھ ونگ کے عہدیداروں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

دینہ (ادریس چودھری) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ ونگ دینہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم اور صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ دینہ عبدالغفار نے مشترکہ طور پر کی۔ ریلی کا آغاز منگلا روڈ دینہ سے ہوا، جس میں یوتھ ونگ کے عہدیداروں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کے خاتمے کے مطالبات درج تھے۔ ریلی منگلا روڈ سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ پر گامزن ہوئی اور جہلم کے قریب جادہ کے مقام پر پہنچ کر ایک احتجاجی دھرنے کی شکل اختیار کر گئی۔ دھرنے کے مقام پر شدید نعرے بازی کی گئی اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ناٹک رچا کر اور متواتر اضافہ کر کے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ہر گھر کا سکون اور خوشیاں تباہ کر دی ہیں، جبکہ ایک عام اور دیہاڑی دار شہری کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے اور پورا ملک تشویش کی لہر میں ڈوبا ہوا ہے۔یوتھ ونگ دینہ کے صدر عبدالغفار اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں فوری طور پر نمایاں کمی نہ کی اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے



















