
اسلام آباد کے کیپیٹل میرج ہال میں پاک عمان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن کی عظیم الشان تقریب .. عمان کا یومِ عیدُ الوطنی شایانِ شان انداز میں منایا گیا
پنڈ دادن خان (راشد خان سے)اسلام آباد کے کیپیٹل میرج ہال، سوہان میں پاک عمان ایکس سروس مین ایسوسی ایشن پاکستان کے زیرِ اہتمام سلطنتِ عمان کے یومِ عیدُ الوطنی کی مناسبت سے ایک نہایت پروقار، شاندار اور ملی جذبے سے بھرپور تقریب منعقد ہوئی، جس میں عمان کی آرمڈ فورسز سے ریٹائرڈ پاکستانیوں نے ملک بھر سے خصوصی شرکت کی۔اس رنگارنگ اور تاریخی تقریب میں کراچی، لاہور، سیالکوٹ، چکوال، جہلم، گجرات، راولپنڈی، اٹک، میانوالی، خوشاب، جوہرآباد، اوکاڑہ، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت مختلف شہروں سے ممبران بڑی تعداد میں شریک ہوئے، جس نے تقریب کو قومی ہم آہنگی اور پاک عمان دوستی کی عملی تصویر بنا دیا۔تقریب میں اسلام آباد میں تعینات سلطنتِ عمان کے سفیر اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر کو بھی مدعو کیا گیا تھا، تاہم سرکاری مصروفیات کے باعث وہ شرکت نہ کرسکے۔مہمانِخصوصی کے طور پر سلطنتِ عمان کی آرمی کے سابق افسر اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے شرکت کی، جو خصوصی طور پر لاہور سے تقریب کی صدارت کے لیے تشریف لائے۔تقریب کی میزبانی سیکرٹری جنرل محمد یونس شیخ نے شایانِ شان انداز میں سرانجام دی، جبکہ چیئرمین میجر محمد امین ملک، ڈپٹی سیکرٹری ملک قیوم اعوان اور دیگر عہدیداران بھی بھرپور انداز میں شریک رہے۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ سلطنتِ عمان میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی آج بھی عمان کے ساتھ دلی، جذباتی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں۔ اسی محبت اور خلوص کی بنا پر پاکستان میں عمان کے قومی دن کو ہر سال بھرپور احترام اور جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔تقریب کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور سلطنتِ عمان کے درمیان برادرانہ تعلقات، تعاون اور باہمی احترام پر مبنی دوستی آنے والے سالوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی پانچویں ملن پارٹی سلطنتِ عمان کے یومِ عیدُ الوطنی کا ایک یادگار، تاریخی اور قابلِ ستائش ایونٹ ثابت ہوئی۔



















