
*گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم کی واحد لیب اٹینڈنٹ مبینہ طور پر ایک کلرک کی خوشنودی کی نذر، مشیرِ صحت پنجاب اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
*جہلم(ظہیر عباس)تفصیلات کے مطابق کے مطابق گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم جیسے اہم تعلیمی ادارے میں واحد لیب اٹینڈنٹ کا تبادلہ کیے جانے کے بعد ادارہ مکمل طور پر لیب اٹینڈنٹ سے محروم ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام ایک کلرک کی خوشنودی کے لیے کیا گیا، جو نہ صرف ادارے کی ضروریات کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے بلکہ ایک اہم تعلیمی ادارے کے تدریسی و عملی نظام کو شدید متاثر کرنے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق اسکول میں تعینات واحد لیب اٹینڈنٹ کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹاہلیاں والا منتقل کر دیا گیا، حالانکہ کہ مذکورہ سکول میں پریکٹیکل امتحانات کا انعقاد ہی نہیں ہوتا۔اس سے قبل بھی گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم سے ایک لیب اٹینڈنٹ کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سعیلہ منتقل کیا جا چکا ہے، جس کے نتیجے میں اب ہائر سیکنڈری سطح کے اس اہم ادارے میں ایک بھی لیب اٹینڈنٹ موجود نہیں۔لیب اٹینڈنٹ کی عدم دستیابی کے باعث سائنس لیبارٹریز سے متعلق امور کی نگرانی اور طالبات کی عملی تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ادارے کی پرنسپل کو مجبوری کے تحت پریکٹیکل امتحانات کے دوران بعض ٹیچرز کو چھٹی کے بعد بھی سکول میں موجود رہنے کی ہدایت کرنی پڑتی ہے۔اس صورتحال سے تدریسی عملہ بھی اضافی ذمہ داریوں کے باعث مشکلات سے دوچار ہے۔اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم میں نان ٹیچنگ سٹاف کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ادارے میں صرف ایک چوکیدار موجود ہے، جبکہ رات کی ڈیوٹی کے لیے نائب قاصد کو بھی مجبوری کے تحت اضافی ذمہ داری ادا کرنا پڑتی ہے۔ یوں ایک بڑے گرلز تعلیمی ادارے میں ضروری نان ٹیچنگ سٹاف کی کمی نہ صرف انتظامی مسائل پیدا کر رہی ہے بلکہ ادارے کے معمول کے نظام کو بھی متاثر کر رہی ہے۔تعلیمی حلقوں اور والدین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم میں پہلے سے موجود سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے بجائے واحد لیب اٹینڈنٹ کا بھی تبادلہ کرنا ادارے کی تعلیمی ضروریات سے صرفِ نظر اور تعلیمی نظام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اگر فوری طور پر صورتحال کا ازالہ نہ کیا گیا تو طالبات کی عملی تعلیم اور ادارے کے انتظامی معاملات مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔عوامی و تعلیمی حلقوں نے مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، لیب اٹینڈنٹ کے تبادلے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائر سیکنڈری سکول جہلم کو فوری طور پر خاتون لیب اٹینڈنٹ سمیت مطلوبہ نان ٹیچنگ سٹاف فراہم کیا جائے تاکہ طالبات کی تعلیم اور ادارے کے انتظامی و عملی نظام کو مزید متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔



















