
جہلم)(نعیم احمد بھٹی ) ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی صبا سحر کے ہمراہ سول لائنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے افسران نے انہیں تجاوزات آپریشن کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ انہوں نے دکانداروں اور تاجروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں خود اپنی تجاوزات ختم کرنے کا کہا، بصورت دیگر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ آپریشن کسی دباؤ یا سفارش کے تحت روکا نہیں جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات ختم نہ کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور سڑکوں کو کشادہ بنانے کے لیے یہ مہم بلاامتیاز جاری رہے گی۔