
جہلم ( رانا محمد عاصم) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبے کے تمام شہریوں بشمول اقلیتی برادری کی معاشی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، درجنوں منصوبوں میں شہریوں کی فلاح کا عنصر سب سے پہلے ہے جس سے وزیراعلی پنجاب کی ترجیحات کا اندازہ کیا جا سکتا ہے یہ بات مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے ضلع کونسل ہال میں مینارٹی کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مینارٹی کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب ضلع کونسل ہال جہلم منعقد ہوئی، جہاں 34 اقلیتی مستحق خاندانوں میں مینارٹی کارڈ تقسیم کیے گئے جبکہ اس سے قبل ضلع جہلم میں 87 مینارٹی کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ تقریب کے آغاز میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے اقلیتوں کی معاشی بہتری اور مالی امداد دینے کے لیے یہ مینارٹی کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ جس میں ہر مستحق خاندان کو سہ ماہی 10500 روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع جہلم سے سینکڑوں افراد نے مینارٹی کارڈ کے لیے اپلائی کیا، جس میں حکومت پنجاب کے مقرر کردہ طریقہ کار پر پورا اترنے والے خاندانوں کو بلا تفریق اور بغیر کسی سفارش کے مینارٹی کارڈ دیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے شہریوں کی فلاح کے لیے درجنوں منصوبے اس وقت جاری ہیں جس میں گرین ٹریکٹر ،ہمت کارڈ، منیارٹی کارڈ، سولر سسٹم، دھی رانی پروگرام، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام، ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں، جس کا مقصد ہر طبقے کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ تقریب کے آخر میں جنرل (ر) اظہر کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے 34 مستحق خاندانوں میں مینارٹی کارڈ تقسیم کیے۔ اس موقع پر اقلیتی خاندانوں نے وزیراعلی پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مینارٹی کارڈ فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا