
جہلم( رانا محمد عاصم ) حکومت پنجاب ہونہار طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے سلسلے کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، یہ طلبہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تعلیمی میدان میں بھرپور محنت کریں تاکہ ان کا اور ملک کا مستقبل روشن ہو سکے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ کمپریہینسو ہائی سکول میں منعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلع جہلم سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 22 طلبہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ تبلیغ الاسلام سکول کے ایک ہونہار طالب علم جس نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وسائل سے ڈرون جہاز تیار کیا تھا، اس کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے خصوصی طور پر 2 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے تمام طلبہ کو ان کی اعلیٰ کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلبہ کی بہتر تعلیم کے لیے پنجاب حکومت کے تمام وسائل دستیاب ہیں۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن سلیم شاہ، مختلف سکولوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کرام نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد نہ صرف طلبہ کی محنت کو سراہنا تھا بلکہ انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ افزائی کرنا بھی تھا۔ حکومت پنجاب کی یہ کوشش ہے کہ تعلیم کے شعبے میں ہونہار طلبہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں