
ٹیکسلا کے علاقے خرم پراچہ میں 29 نومبر کو الفلاح فاؤنڈیشن کا نواں فری میڈیکل کیمپ منعقد ہوگا، سپیشلسٹ ڈاکٹرز مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کریں گے
جہلم (رپورٹ: ادریس چودھری) الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام تحصیل ٹیکسلا کے علاقے خرم پراچہ اور گردونواح کے عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نواں فری میڈیکل کیمپ 29 نومبر 2026ء بروز اتوار منعقد ہوگا۔ کیمپ کی نگرانی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی فرمائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق فری میڈیکل کیمپ ڈیرہ ملک صالح ولد ملک مشتاق مرحوم، سابق ناظم یونین کونسل، خرم پراچہ، تحصیل ٹیکسلا میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز مریضوں کا مفت طبی معائنہ کریں گے، جبکہ ضرورت مند اور مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مریضوں کو صحت کے حوالے سے ضروری رہنمائی اور طبی مشاورت کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان عرصہ دراز سے دکھی انسانیت کی خدمت، فلاح و بہبود اور مستحق افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں تحصیل ٹیکسلا میں یہ نواں فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کرنا اور علاج معالجے کے اخراجات کے بوجھ کو کم کرنے میں معاونت کرنا ہے۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے اہلیانِ خرم پراچہ، ٹیکسلا اور گردونواح کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور مستحق مریضوں تک اس پیغام کو پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد اس فلاحی سرگرمی سے مستفید ہو سکیں۔ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ خدمتِ خلق ہمارا عزم اور انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے۔



















