دینہ(رانا محمد عاصم)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی چینی کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں اور چینی کی قیمت ڈبل سنچری کو چھونے کے قریب پہنچ گئی۔ بازاروں میں دکانداروں نے من مانی قیمتوں پر چینی فروخت کرنا شروع کر دی ہے، جس سے عوام سخت پریشان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دینہ سمیت پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ چینی کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان کو چھونے لگی ہیں جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی دستیاب نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 100 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ دینہ کے اندرون شہر کے بازاروں میں چینی 170 روپے فی کلو جبکہ مضافاتی علاقوں میں 190 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ صرف چند دنوں کے اندر چینی کی قیمت میں 30 سے 40 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ ماہِ صیام کے قریب آتے ہی چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نظر نہیں آرہی۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں لایا جائے تاکہ عام شہری ان بنیادی ضروریات کو خریدنے کے قابل ہو سکیں
