
جہلم(رانا محمد عاصم) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول و کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازار جہلم اور سوہاوہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے انہیں سہولت بازاروں کے انتظامات پر بریفنگ دی، جس پر انہوں نے رمضان سہولت بازاروں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی، معیار اور قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں 80 رمضان سہولت بازار پائلٹ پراجیکٹ کے تحت شروع کیے گئے ہیں اور یکم رمضان سے اب تک 13 اضلاع میں سہولت بازاروں کا دورہ کر چکی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر منڈیوں میں چیک اینڈ بیلنس نہ ہوتا تو اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہوتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں گھی اور چینی کم ترین نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ سو فیصد ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے مگر ماضی کی نسبت بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے جہلم کی مختلف مارکیٹوں اور ڈی سی کاؤنٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے انہیں سپر اسٹورز پر قائم ڈی سی کاؤنٹرز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں انہوں نے تحصیل سوہاوہ کے رمضان سہولت بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خریداروں سے ملاقات کی اور اشیائے خورد و نوش کے معیار اور قیمتوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ شہریوں نے سہولت بازار میں فراہم کی جانے والی اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی نے واضح کیا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں پر صرف جرمانے نہیں کیے جائیں گے بلکہ ان کی دکانیں پورے مہینے کے لیے سیل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں قیمتوں کو یکساں اور مستحکم رکھنا وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے اور ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی اور ناقص اشیاء کی فروخت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی